May 19, 2024

Warning: sprintf(): Too few arguments in /www/wwwroot/mrcapwebpage.com/wp-content/themes/chromenews/lib/breadcrumb-trail/inc/breadcrumbs.php on line 253
سعودیہ کی پی آئی اے سمیت کئی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش

وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی عرب کے وفد نے ملاقات میں پی آئی اے سمیت کئی اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء شریک ہوئے۔ تمام وزراء نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔ وفد کو پی آئی اے ،ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی۔ تجویز کے مطابق ہوٹلز کے لئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اورسرمایہ کاری سعودی عرب کرے گایا پھر وہ ہوٹل بنالے۔ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔سعودی وفد کو ہیلتھ سٹی بنانے کی بھی پیش کش کی گئی اس کے لئے سی ڈی اے پارٹنر بننے یا زمین دے کر پیسے لینے کے لئے بھی تیارہے۔ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے ایس آئی ایف سی مرکزی سیکریٹر یٹ تمام کام کررہا ہے۔ سعودی وفد صدر زرداری اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم سعودی وفد کے ساتھ مختلف پراجیکٹس کوحتمی شکل دینے کے لئے تمام امور کی نگرانی کررہے ہیں۔ وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری  انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔ملاقات میں وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جسکی نظیر نہیں ملتی۔سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہء پاکستان خوش آئند ہے۔دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔شہبازشریف کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے ۔پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا سعودی وزیرِ خارجہ شہزاد فیصل بن فرحال آل سعود نے پاکستان سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔وزیرِ اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی ،ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شامل تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *